اسلام آباد: مہنگی ایل پی جی سے پریشان عوام کے لیے ریلیف کی امید پیدا ہوگئی، سوئی سدرن گیس کمپنی کی ذیلی کمپنی نے ایل پی جی کی خریداری کے لیے ٹینڈرز جاری کردیے ہیں، جن کے تحت مجموعی طور پر 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی خریداری کے لیے دو الگ الگ ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک ٹینڈر 20 ہزار میٹرک ٹن جبکہ دوسرا 50 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی خریداری سے متعلق ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) بھی عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی خریدیں گے، جس سے ملک میں درآمدی گیس کی دستیابی بڑھنے اور موجودہ قیمتوں میں کمی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔درآمدی ایل پی جی لے کر آنے والے جہازوں کی آئندہ 15 روز میں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے حساب سے درآمدی ایل پی جی تقریباً 450 روپے فی کلو پڑنے کا امکان ہے، جبکہ معمولی منافع شامل کرنے کے بعد اسے صارفین کو تقریباً 460 روپے فی کلو فروخت کیا جاسکے گا۔ذرائع کے مطابق اس وقت ملک بھر میں ایل پی جی 530 سے 630 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہی ہے۔ اس کے مقابلے میں درآمدی ایل پی جی کی متوقع قیمت موجودہ مارکیٹ ریٹ سے 70 سے 130 روپے فی کلو کم ہوسکتی ہے۔