چنیوٹ میں ایل پی جی مہنگی، سرکاری نرخ نظرانداز، شہری پریشان

چنیوٹ میں ایل پی جی مہنگی، سرکاری نرخ نظرانداز، شہری پریشان

چنیوٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

شہریوں کے مطابق ایک ہی روز میں کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد گھریلو استعمال کا سلنڈر 4,300 روپے تک پہنچ گیا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ شہر اور گردونواح میں ایل پی جی 420 سے 450 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، حالانکہ سرکاری قیمت 242 روپے فی کلو مقرر ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی عدم دستیابی کے باعث وہ مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔متاثرہ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے، سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔