راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی تین گھنٹے سے زائد طویل ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام، اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے، گورنر راج، صحت اور جیل میں دستیاب سہولیات سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ذرائع کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر گفتگو کے دوران عمران خان کی رائے مثبت تھی۔ انہوں نے پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ماضی کی قراردادوں کا حوالہ بھی دیا، تاہم اس معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی حتمی پالیسی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ملاقات میں عمران خان نے مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے آغاز پر عمران خان نے وکلا سے کہا کہ انہیں پہلے ہی معلوم تھا کہ وہ ملاقات کے لیے آرہے ہیں، کیونکہ وہ اس حوالے سے پڑھ چکے تھے۔ عمران خان کو جیل میں اخبار کے مطالعے اور دو سے تین نجی ٹی وی چینلز دیکھنے کی سہولت حاصل ہے، جس کے باعث وہ جیل سے باہر ہونے والی سیاسی اور قانونی پیش رفت سے آگاہ رہتے ہیں۔
ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کو ایک کھلا خط لکھنے کی ہدایت کی۔ گورنر راج اور ایمرجنسی کے معاملے پر ان کا ردعمل سخت تھا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل نئی انتظامیہ کے پاس نہیں ہے۔عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی فکر ہے اور ان کے لیے کچھ کیا جائے۔ انہوں نے ذہنی دباؤ کو جان لیوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اسپورٹس مین ہیں اور جانتے ہیں کہ مشکل صورتحال سے کیسے نمٹنا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی سرجری کرانے سے گریزاں ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ آپریشن کے دوران معمولی سی غلطی بھی ان کی بینائی ضائع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے وکلا سے 13 ماہ تک ملاقات کے لیے نہ آنے کی شکایت بھی کی۔ اس پر عمران خان نے وضاحت کی کہ انہیں ملاقات کے لیے آنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔