گڑھی شاہو مین بازار میں بجلی کی تاروں کا بے ہنگم جال

شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ ،بازار کی خوبصورتی بھی ماند پڑنے لگی،متعلقہ حکام فوری نوٹس لیں:شہری
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے گڑھی شاہو مین بازار میں بجلی کی تاروں کا بے ہنگم جال شہریوں کے لیے وبالِ جان بن گیا، جگہ جگہ نیچے لٹکتی بجلی کی تاروں اور الیکٹرک پولز کے ساتھ موجود تاروں کے گچھوں نے حادثات کا خدشہ بڑھا دیا۔گڑھی شاہو مین بازار میں بجلی کے میٹروں اور الیکٹرک پولز کے ساتھ بے ترتیب انداز میں لٹکتی تاریں دکانداروں، خریداروں اور علاقہ مکینوں کے لیے خطرہ بن گئی ہیں۔ تاروں کا بے ہنگم جال نہ صرف شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ ہے بلکہ اس کے باعث بازار کی خوبصورتی بھی ماند پڑنے لگی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بازار میں لٹکتی تاروں کے باعث کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔ متعلقہ حکام فوری نوٹس لے کر بجلی کی تاروں کو مناسب طریقے سے ترتیب دیں اور انہیں محفوظ اونچائی پر باندھنے کے اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔