نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے جنوبی علاقے میں نجی ہاسٹل کی 5 منزلہ عمارت گرنے سے 7 طلبہ ہلاک ہوگئے۔
بھارتی حکام کے مطابق ہاسٹل کی عمارت منہدم ہونے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن کے دوران مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک 11 افراد کو ملبے سے بحفاظت نکالا جاچکا ہے، جبکہ تقریباً 30 سے 50 طلبہ کے تاحال ملبے تلے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبے میں دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔بھارتی حکام کے مطابق عمارت کے تہہ خانے میں پانی جمع ہونے اور وہاں جاری مرمتی کام کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر ہاسٹل کی عمارت گرنے کی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں عمارت منہدم ہونے کے بعد ایک دکاندار کو جائے وقوعہ سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔