لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 344 ریکارڈ

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 344 ریکارڈ

لاہور ایک بار پھر فضائی آلودگی کے باعث دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 344 ریکارڈ کیا گیا، جو فضائی آلودگی کی انتہائی بلند سطح کو ظاہر کرتا ہے۔

فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ حساس طبیعت کے حامل افراد، بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے صورتحال زیادہ تشویشناک ہو سکتی ہے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں نمایاں فرق دیکھا گیا۔ برکی روڈ اور پیراگون کے علاقے میں اے کیو آئی 661 ریکارڈ کیا گیا، جو شہر کے مختلف مانیٹرنگ مقامات میں سب سے زیادہ ہے۔ اسی طرح سی ای آر پی آفس کے علاقے میں آلودگی کی شرح 561 جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 541 ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق بیڈیاں روڈ پر اے کیو آئی 378، کینٹ میں 363 اور ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں 330 ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی ایچ اے فیز فائیو میں فضائی آلودگی کی شرح 326 جبکہ اے آر سی لاہور کے علاقے میں 307 رہی۔

دوسری جانب عسکری 10 میں ایئر کوالٹی انڈیکس 229 ریکارڈ کیا گیا، جو شہر کے دیگر مذکورہ علاقوں کے مقابلے میں نسبتاً کم ہے، تاہم یہ سطح بھی فضائی آلودگی کے حوالے سے تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔ماہرین صحت کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں۔ طویل عرصے تک آلودہ فضا میں رہنے سے پھیپھڑوں اور دل کی صحت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ فضائی آلودگی کی بلند سطح کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کریں اور گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں۔ بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو کھلی فضا میں جسمانی سرگرمیوں سے احتیاط کرنی چاہیے۔