لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ

لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 303 ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) خطرناک حد تک بلند ہوگیا۔

فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات اور مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی، گلبرگ ٹو میں ایئر کوالٹی انڈیکس 639 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی آلودہ فضا کی نشاندہی کرتا ہے۔اسی طرح پیراگون سٹی میں اے کیو آئی 370، اقبال ٹاؤن میں 342 اور بیدیاں روڈ پر 318 ریکارڈ کیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن اور برکی روڈ کے علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح 290 رہی، جبکہ ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 255 اور عسکری ٹین میں اے کیو آئی 192 ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین نے شہریوں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، باہر نکلتے وقت مناسب حفاظتی ماسک پہننے اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مسائل سے دوچار افراد کو احتیاط کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں موسم کی صورتحال بھی معمول کے مطابق رہی۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری اور کم سے کم 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں 2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج لاہور میں بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا۔