لاہورمیں فضائی آلودگی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔
شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 306 ریکارڈ کیا گیا، جو فضائی آلودگی کی انتہائی تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں بھی اسموگ کے اثرات نمایاں رہے اور فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بلند ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق پیراگون سٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 469 تک پہنچ گیا، جبکہ گلبرگ ٹو میں 406 اور اقبال ٹاؤن میں 388 ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح لاہور کینٹ میں اے کیو آئی 360، ایم ایم عالم روڈ پر 358 اور ماڈل ٹاؤن میں 320 ریکارڈ کیا گیا۔ چمن پارک میں فضائی آلودگی کی شرح 285، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 270، بیدیاں روڈ پر 252 جبکہ عسکری ٹین میں 212 ریکارڈ کی گئی۔فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری سمیت مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین نے خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ماہرین کے مطابق شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر باہر جانا ضروری ہو تو مناسب حفاظتی ماسک کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ کھلی فضا میں ورزش اور جسمانی سرگرمیوں سے بھی گریز کیا جائے تاکہ آلودہ ہوا کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث فی الحال بارش کے ذریعے فضائی آلودگی میں کمی کی توقع نہیں ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔