لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت برقرار ہے اور شہر ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 325 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹر کی سطح 299 تک پہنچ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کے باعث گزشتہ روز کے مقابلے میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں 52 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم اس کمی کے باوجود فضائی آلودگی کی سطح اب بھی انتہائی تشویشناک ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی خطرناک ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق ملتان روڈ 500 اے کیو آئی کے ساتھ لاہور کا آلودہ ترین علاقہ رہا، جبکہ جی ٹی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 432، سفاری پارک میں 414 اور واہگہ بارڈر پر 364 ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح پنجاب یونیورسٹی میں 335، شاہدرہ میں 289، ایجرٹن روڈ پر 275، کاہنہ نو میں 267، برکی روڈ پر 252، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 244 جبکہ گلبرگ تھری میں اے کیو آئی کی سطح 208 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 12 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اسموگ اور فضائی آلودگی کے اثرات برقرار ہیں۔ گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ اور ملتان میں بھی اسموگ کی صورتحال برقرار ہے، جبکہ شدید دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔