عمران خان کا انصاف لائرز فورم کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ

عمران خان کا انصاف لائرز فورم کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے طویل عرصے کے بعد اپنے وکلا سے ملاقات کے دوران پارٹی قیادت کو انصاف لائرز فورم کے چیف آرگنائزر کو تبدیل کرنے کی ہدایت کردی۔

 بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر انتظار پنجوتھہ کی جگہ نیازاللہ نیازی کو انصاف لائرز فورم کا نیا چیف آرگنائزر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپنے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ سے ملاقات ہوئی۔ ہائی کورٹ کے حکم پر ہونے والی اس ملاقات میں مقدمات کی پیروی، قانونی امور اور پارٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنے وکلا کے ذریعے پارٹی قیادت کو پیغام بھجوایا کہ انصاف لائرز فورم کے چیف آرگنائزر کو تبدیل کیا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے بیرسٹر انتظار پنجوتھہ کی جگہ نیازاللہ نیازی کو یہ ذمہ داری سونپنے کی ہدایت کی۔پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ انہیں اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے ٹی وی اور اخبارات باقاعدگی سے فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے وہ ملک کے حالات اور تازہ ترین خبروں سے باخبر رہتے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان نے ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر خان کی کوششوں کو سراہا اور انہیں خصوصی پیغام بھی بھجوایا۔ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جبکہ اپنی بہنوں کی گرفتاری پر بھی فکرمندی ظاہر کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کی جانب سے ان معاملات پر خصوصی توجہ دی گئی اور پارٹی قیادت کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔