ترکیہ میں اپوزیشن جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار، قیادت میں تبدیلی کا حکم

ترکیہ میں اپوزیشن جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار، قیادت میں تبدیلی کا حکم

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں عدالت نے اپوزیشن جماعت سی ایچ پی  کے اندرونی انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

عدالت کے اس فیصلے کے مطابق، موجودہ چیئرمین اوزگُر اوزل کو پارٹی سے ہٹا دیا گیا ہے، اور سابق چیئرمین کمال قلیچ دار اوغلو کو دوبارہ پارٹی کی قیادت سنبھالنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔عدالتی فیصلے کے پیچھے مبینہ طور پر اوزگُر اوزل پر انتخابات میں بے ضابطگیوں اور ووٹ خریدنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس فیصلے کے بعد اوزگُر اوزل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ سپریم کورٹ آف اپیلز کے سامنے ہے اور انہیں امید ہے کہ اعلیٰ عدالت اس فیصلے کو کالعدم قرار دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ پارٹی اور نہ ہی ملک اس طرح کے اقدامات کے آگے جھکے گا۔دوسری جانب، برطانوی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس عدالتی کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے، اور اس فیصلے پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیاسی مفادات کے تحت لیا گیا ہے اور اس سے سیاسی استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔