کرک : پولیس موبائل پر فائرنگ، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار شہید

ایس ایچ او عمر نواز اہلکاروں کے ہمراہ گشت پر تھے ، فائرنگ سے گاڑی چھلنی ہو گئی 
دہشت گردوں نے گھات لگا کر پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی:ترجمان
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا  کے  ضلع کرک میں  ایک بار پھر دہشت گردی واقعہ میں  نامعلوم حملہ آوروں  کی  پولیس کی گشت پر مامور گاڑی  پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ اوسمیت تین اہلکار شہید ہوگئے ۔ترجمان کرک پولیس کے مطابق یہ واقعہ   بانڈہ داود شاہ کے علاقے میں پیش آیا  جہاں   دہشت گردوں نے گھات لگا کر پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے گاڑی مکمل طور پر چھلنی ہو گئی اور  ایس ایچ او عمر نواز اور دو بہادر کانسٹیبل شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔ایس ایچ او عمر نواز اپنے دو ساتھی اہلکاروں کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھے۔