ورلڈ بینک کی ماحولیاتی تبدیلی گروپ کی گلوبل ڈائریکٹر ویلیری ہیکی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی۔
اس دوران انہوں نے مریم نواز شریف کو ’’کلائمیٹ واریئر‘‘ اور ’’کلائمیٹ لیڈر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ جنوبی ایشیا سے ’’کلائمیٹ چینج واریئر‘‘ کے طور پر ابھری ہیں۔ ویلیری ہیکی نے پنجاب کے ماحولیاتی شعبے میں جاری منصوبوں کو سراہتے ہوئے عالمی ماحولیاتی مارکیٹ میں پنجاب کے شامل ہونے کی دعوت دی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں ویلیری ہیکی نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں جیسے کہ ستھرا پنجاب، اے کیو آئی، ٹرانسپورٹ، جنگلات اور جنگلی حیات کے شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے عزم اور اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ منصوبے پنجاب کی عالمی سطح پر شناخت اور عزم کی علامت بن رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی تقریر کے نکات بھی سنے اور ان کی تعریف کی، خاص طور پر اُس جملے کو پسند کیا کہ ’’کاپ 30 کو محض اظہارِ خیال کی مجلس کے بجائے پختہ عزم و ارادے کے عہد کے طور پر یاد رکھا جانا چاہیے۔‘‘
ویلیری ہیکی نے مزید کہا کہ آپ کا یہ کہنا کہ ’’ماحول کی بہتری خیرات نہیں، بلکہ انصاف ہے‘‘ بالکل درست ہے۔ انہوں نے پنجاب میں جاری ماحولیاتی اقدامات کو متاثر کن قرار دیا اور کہا کہ حکومت کا کسی کا انتظار کیے بغیر عمل شروع کرنا قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ویلیری ہیکی کے جذبے اور تحسین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پنجاب کو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں ماحولیاتی بہتری کی ایک مثال بنانا چاہتی ہیں۔ملاقات میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء رانا سکندر اور ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، چیئرمین پی اینڈ ڈی نعیم رؤف، اور ڈی جی ای پی اے عمران حامد بھی شریک تھے۔ ویلیری ہیکی نے پنجاب کے دورے کی دعوت بھی قبول کی۔