وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ کے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی، جبکہ پنجاب بھر میں ایچی سن سکول کے معیار کے جدید بوائز اور گرلز سکول قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منصوبے سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور کے وحدت روڈ پر طلبہ اور طالبات کے لیے الگ الگ مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ قائم کیے جائیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان مراکز میں عالمی معیار کی تعلیمی اور کھیلوں کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جن میں جدید سپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ سٹیڈیم، گھڑ سواری کی سہولت، سوئمنگ پول اور دیگر جدید تعلیمی وسائل شامل ہوں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ میں پانچ، پانچ ہزار طلبہ اور طالبات کو داخلے کی سہولت میسر ہوگی، جہاں انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔