وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے کی سب سے بڑی اور جدید کلائمیٹ آبزرویٹری بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں جدید ترین کلائمیٹ آبزرویٹری (رسد گاہ) کے قیام کے علاوہ ایک جدید سائنسی مرکز بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے بجٹ، آلات اور زمین کی فراہمی کا تفصیلی فزیبیلٹی پلان تیار ہے اور آبزرویٹری پنجاب پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ہاؤس میں قائم کی جائے گی۔ اس کے ذریعے مختلف شعبوں کے لیے ماحولیاتی ماہرین کو انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے تربیت دی جائے گی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آبزرویٹری میں جدید خودکار کمیونیکیشن اور لنکیج سسٹم نصب کیا جائے گا جو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کی پیشگوئی اور پالیسی سازی میں مدد فراہم کرے گا۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع اور مربوط پلان دیا ہے اور یہ آبزرویٹری ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک بڑا اور اہم قدم ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ، آلات اور زمین کی فراہمی کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرے گا۔یہ منصوبہ پنجاب میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے، ماحولیات کی حفاظت کو یقینی بنانے اور خطے میں ماحولیاتی تحقیق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔