لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں زیرِ تعمیر پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری منصوبے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا موسمیاتی مرکز ہوگا، جس سے موسم کی پیش گوئی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری کے ذریعے پانی، مٹی اور موسم کے معیار کی حقیقی وقت میں نگرانی ممکن ہوگی۔ یہ مرکز جدید سائنسی سہولیات سے آراستہ ہوگا، جہاں ماحولیاتی تبدیلیوں اور موسمی حالات سے متعلق مستند معلومات جمع اور ان کا تجزیہ کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ آبزرویٹری میں ماحولیاتی ڈیٹا اور جدید ریسرچ لیبارٹریز کی سہولت سے نوجوان سائنسدانوں کو تحقیق اور سیکھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ اس منصوبے کے تحت عالمی سائنسی تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری کو بھی ایک ہی چھت تلے یکجا کیا جائے گا۔مریم نواز کے مطابق پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری جدید ارلی وارننگ سسٹم کی سہولت فراہم کرے گی، جس کی مدد سے موسمیاتی تبدیلیوں، شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی پیش گوئی میں معاونت حاصل ہوگی۔ بروقت معلومات کی فراہمی سے متعلقہ اداروں کو قدرتی آفات سے پہلے تیاری اور ممکنہ نقصانات کم کرنے میں مدد مل سکے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس آبزرویٹری کے قیام کے صوبائی اور قومی سطح پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ موسمیاتی تیاری، آفات کے بعد بحالی اور آبی تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات میں بھی اس منصوبے کا اہم کردار ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور عوامی آگاہی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اپنے ماحول، کمیونٹیز اور آنے والی نسلوں کی حفاظت حکومت کا عزم ہے۔