ہیڈ گلیشیر کے پولیس مقابلے میں ملزم ظفر اقبال ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا
بصیرپور،اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)پولیس مقابلے کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو دیگر ڈاکو فرار ہو گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق، تین ڈاکو تھانہ بصیرپور کی حدود سے یوسف نامی شہری سے موٹرسائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او عدنان رفیق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈاکو ئوں کا تعاقب کیا۔ ہیڈ گلیشیر کے قریب ڈاکو ئوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کی، جس کے جواب میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔زخمی ڈاکو کی شناخت ظفر اقبال کے نام سے ہوئی، جو بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ اور ڈکیتی و راہزنی جیسے 24 سنگین جرائم میں ملوث پایا گیا۔ ملزم لاہور، اوکاڑہ اور دیگر مختلف تھانوں میں بھی ریکارڈ ہولڈر ہے۔پولیس نے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ بر آمد کر کے قبضے میں لے لیا۔ زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دو فرار ہونے والے ڈاکو ئوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔