لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈولفن سکواڈ نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔ڈولفن سکواڈ نے خفیہ اطلاع پر داتا دربار کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم سخی بادشاہ کو حراست میں لیا۔ ملزم کا ای پولیس ایپ کے ذریعے ریکارڈ چیک کیا گیا تو اس کے خلاف چوری، ڈکیتی اور جھپٹا مارنے سمیت 150 سے زائد مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا۔ بعد ازاں گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ داتا دربار پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر معاشرے کے لیے ناسور ہیں، ان کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرائم ہاٹ اسپاٹس پر ڈولفن سکواڈ کی سخت چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔