آزاد کشمیر کی خوبصورت وادیٔ نیلم میں موسمِ سرما کی پہلی بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتے کے دوران وادی کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے موسم مزید سرد ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب 14 اگست کو نالہ جاگراں میں پیش آنے والے کلاؤڈ برسٹ واقعے سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا عمل اب تک مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ اس واقعہ کے نتیجے میں سیاحتی مقامات جیسے کنڈل شاہی واٹر فال اور کٹن جاگراں کے علاوہ 25 ہزار سے زائد آبادی کو ملانے والے رابطہ پل اور سڑکیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ان رابطہ پلوں اور سڑکوں کی حالت اب بھی خراب ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی اور نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ دیہات کے رہائشیوں نے حکومت آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں رابطہ پلوں اور سڑکوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کی زندگیوں اور روزمرہ کے امور کو معمول پر لایا جا سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ صورتحال نازک ہے اور فوری مدد کے بغیر حالات مزید خراب ہونے کا خطرہ ہے۔