پشاور اور گرد و نواح میں صبح سویرے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے شہر اور اس کے ارد گرد کی گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
بارش کا آغاز صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب ہوا، جب گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے ایک گھنٹے تک جاری رہ کر شہر بھر کو جل تھل کر دیا۔اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، لیکن کئی مقامات پر پانی کی نکاسی کا مسئلہ پیدا ہوگیا۔
پشاور کے ساتھ ساتھ دیر اور چترال میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ چترال میں رات سے برفباری کا بھی سلسلہ جاری رہا، جس سے پہاڑی علاقوں میں سردی بڑھ گئی اور لوگوں نے دوبارہ گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس بارش سے موسم میں مزید سردی کی لہر آ سکتی ہے اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔