سوات اور مانسہرہ میں تیز بارش، وادی کاغان اور ناران میں برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

سوات اور مانسہرہ میں تیز بارش، وادی کاغان اور ناران میں برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

سوات: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم سرد ہو گیا، سوات کے علاقے مینگورہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ سوات اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ 14 نومبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب مانسہرہ شہر اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم میں خنکی بڑھ گئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بارش کے باعث شہریوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

وادی کاغان، ناران اور بابوسر ٹاپ پر برفباری

ادھر وادی کاغان، ناران، بیسر، بابوسر ٹاپ، جھیل سیف الملوک اور جھیل لولوسر کے اطراف شدید برفباری ہوئی، جس کے باعث پہاڑوں اور سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید گر گیا جبکہ رابطہ سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ناران سے بابوسر ٹاپ جانے والی سڑک بند

انتظامیہ کے مطابق شدید برفباری اور موسم کی خراب صورتحال کے باعث ناران سے بابوسر ٹاپ جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ سڑک کی بندش کا مقصد سیاحوں اور مسافروں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بند سڑکوں پر سفر کرنے کی کوشش نہ کریں اور بالائی علاقوں کا رخ کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کریں۔

حکام نے مزید کہا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور دوران سفر متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔