سرکاری حج سکیم، واجبات ادائیگی کی آخری تاریخ 15 نومبر مقرر

 پیکیج تبدیل ، اضافی رقم جمع ، سعودی عرب پہنچ کر حج پیکیج میں تبدیلی نہیں ہوگی
ڈبل بیڈ الگ کمرہ کیلئے دوسری قسط کے ساتھ 2 لاکھ فی کس اضافی دینا ہونگے
 4 تا 6 افراد، فیملی روم یا شیئرنگ روم کیلئے اضافی اخراجات نہیں:وزارت مذہبی امور 
اسلام آباد(آئی این پی )وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے حج 2026 کے درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ حج واجبات کے بنیادی پیکیج کی دوسری قسط ساڑھے 6 لاکھ روپے جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 نومبر بروز ہفتہ مقرر ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امور نے اپنے بیان میں کہا کہ اضافی سہولیات مثلا ڈبل بیڈ الگ کمرہ کے درخواست گزاروں کو دوسری قسط کے ساتھ 2 لاکھ فی کس اضافی ، 3 بیڈ والوں کواضافی 67 ہزار فی کس دینا ہونگے، 4 تا 6 افراد، فیملی روم یا شیئرنگ روم کیلئے اضافی اخراجات نہیں۔انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو تاکید کی جاتی ہے کہ بینک میں دوسری قسط جمع کراتے وقت پیکیج کی تفصیلات اچھی طرح سمجھ لیں اور اس کے مطابق واجبات جمع کرائیں، اگر کسی درخواست گزار فیملی کو 2 بیڈ الگ کمرہ یا 3 بیڈ الگ کمرہ درکار ہے تو اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور بینک سے اپنا پیکیج تبدیل کرا کر اضافی رقم جمع کرا دیں۔یاد رہے کہ بعد میں یا سعودی عرب پہنچ کر حج پیکیج کی تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔ درخواست گزار بینک سے پیکیج تبدیل کرا کر اضافی رقم جمع کرا دیں، بعد میں یا سعودی عرب پہنچ کر حج پیکیج میں تبدیلی ممکن نہیں ہوگی۔