مریم نواز کا لاہور شہر کا اچانک دورہ، صفائی کا جائزہ لیا سرکاری ہسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم

وزیراعلیٰ مریم نوازنے ہربنس پور ہ میں فیلڈ ہسپتال میں موجود دستیاب طبی سہولتوں کا جائزہ لیا،  ادویات کاسٹاک اور معیار چیک کیا
 ہسپتالوں میں فری میڈیسن کی فراہمی یقینی بنانے ‘دستیاب میڈیسن لسٹ آویزاں کرنے کا حکم ،  لسٹ کیلئے الیکٹرانک بورڈ نصب کئے جائیں گے
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صبح سویرے لاہور شہر کا اچانک غیر علانیہ دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہر کے مختلف علاقوں میں’’ستھرا پنجاب ‘‘ کے تحت صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اورمختلف سڑکوں اور بازاروں کا معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈز پر صفائی کی صورتحال کا مشاہدہ بھی کیا۔ بعدازاںوزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہربنس پور ہ میں کھڑے فیلڈ ہسپتال کاا چانک دورہ کیا اورفیلڈ ہسپتال میں دستیاب طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فیلڈ ہسپتال میں موجود ادویات کاسٹاک اور معیار بھی چیک کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہربنس پورہ فیلڈ ہسپتال میں موجود مریضوں سے بات چیت کی اور مریضوں سے فیلڈ ہسپتال میں دستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ  نے سرکاری ہسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دے دیا اور فری میڈیسن کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں میو ہسپتال کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہرسرکاری ہسپتال میں میڈیسن لسٹ آویزاں کرنے کا حکم دیا اور میڈیسن لسٹ کے لئے الیکٹرانک بورڈ نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کے لئے مریم نواز شکایات کائونٹر فعال ، نمایاں کرنے اوراوپن ویٹنگ ایریا میں مسٹ فین مہیا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر مریضوں کو کال کرکے فیڈ بیک بھی لیا جائے گا۔ انہوں نے ویٹنگ روم میں کرسیاں اور بینچ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں کا وزٹ کرنے اور چیک لسٹ رپورٹ تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔ ہسپتالوں کی حقیقی صورتحال جاننے کے لئے ایک سے زائد ادارے چیک لسٹ تیار کریں گے۔ چیک لسٹ میں ڈاکٹر، سٹاف کی حاضری، فری ادویات، لیب ٹیسٹ، بائیو میڈیکل ایکیوپمنٹ شامل ہونگے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہسپتالوں میں آپریشن اور ٹیسٹوں کے لئے ویٹنگ لسٹ کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ پارکنگ ، کیفے ٹیریا اور وہیل چیئر کی دستیابی کی صورتحال بھی روزانہ چیک ہوگی۔ اجلاس میں ہسپتالوں میں انفکشن کا سبب بننے والے بوسیدہ پردے ہٹا کر بلائینڈر لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا