اسرائیل نے( انسانی تحفظ قانون) کے چیتھڑے اڑا دیئے(شہبازشریف)

 خود مختار فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں، اسرائیلی حملوں نے لبنان کی خود مختاری کو خطرے میں ڈال دیا‘ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے:سعودی ولی عہد

اسرائیل امداد کی بندش کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے، فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو‘جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لایا جائے:وزیراعظم
  سلامتی کونسل سے اسرائیل کی رکنیت معطل کی جائے‘بین الاقوامی برادری  دہشت گردی روکنے میں مدد کرے:فلسطینی صدر محمود عباس ‘ اسرائیل غزہ پٹی کے بعد مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے وجود کا خاتمہ چاہتا ہے:صدر ترکیہ
 جنگ کے بجائے دو ریاستی حل پر عملدرآمد کیا جائے:مصری صدر‘ خطے میں قتل عام اور نسل کشی کی روک تھام وقت کا تقاضا ہے:شامی صدر‘ لبنان پر اسرائیلی حملے روکے جائیں:لبنانی وزیراعظم‘ عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے خطاب

ریاض(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  اسرائیل نے عالمی انسانی تحفظ کے چیتھڑے اڑا دیے ہیں۔ غزہ میں انسانی بحران تصور سے بڑھ کر ہے۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں زخمیوں سمیت ۃسپتالوں کو اڑایا جارہا ہے، اہل فلسطین کے خلاف جرائم نسل کشی کے مترادف ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ دنیا کے صرف نظر کرنے سے اسرائیل کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے، عالمی انسانی تحفظ کے قانون کے چیتھڑے اڑادیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، غزہ میں فوری جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا  اسرائیل امداد کی بندش کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے، فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی پر پابندی لگائی جائے، جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لایا جائے، جس کے توسیع پسندانہ عزائم سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔وزیراعظم نے کہا آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی ضرورت ہے، لبنان کے خلاف اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات پر بھی شدید تشویش ہے، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے‘سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فلسطین، لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے بین الاقوامی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔ ریاض میں عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ اسرائیل کی مسجد اقصی کے تقدس کی پامالی کی مذمت اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں نے لبنان کی خود مختاری کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے  سلامتی کونسل سے اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کیخلاف یہودی آباد کاروں کی جاری دہشت گردی روکنے میں مدد کرے۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا  اسرائیل غزہ پٹی کے بعد مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے وجود کا خاتمہ چاہتا ہے، انروا پر پابندی کا مقصد دو ریاستی حل سبوتاژ  کرنا  ہے۔ لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی نے لبنان پر اسرائیلی حملے روکنے کا مطالبہ  کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے تباہی کا تخمینہ 5 ارب ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔ شام کے صدر بشار الاسد نے کہا کہ خطے میں قتل عام اور نسل کشی کی روک تھام وقت کا تقاضا ہے۔  مصر کے صدر نے کہا کہ جنگ کے بجائے دو ریاستی حل پر عملدرآمد کیا جائے۔ عرب اسلامی سربراہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت 50 سے زائد سربراہان مملکت اور خصوصی نمائندے شریک ہوئے، مشترکہ عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر غور کیا گیا۔