پاکستان نے افغانستان کا بگرام ایئربیس تباہ کردیا‘50مقامات پر حملے‘کئی چیک پوسٹیں‘اسلحہ ڈپو اڑا دیئے

حملے میں بگرام ایئربیس کا ایک ائیرکرافٹ ہینگر اور 2 ویئر ہائوسز تباہ ہوئے‘ سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آگئیں:نیویارک ٹائمز  کی رپورٹ، افغانستان کی وزارت دفاع نے بھی ایئر بیس پر  پاکستانی فضائی حملے کی تصدیق کر دی
افغان طالبان رجیم کے 481 کارندے ہلاک، 696   زخمی‘226چیک پوسٹس تباہ اور  35 کو قبضے میں لے لیا گیا ‘ افغان طالبان رجیم کے 198 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ کر دی گئیں :وفاقی وزیر اطلاعات
افغانستان میں سول آبادی کو نشانہ بنانے کا گمراہ کن پروپیگنڈا  کیا گیا‘ افغان طالبان کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر، بٹالین ، ایمونیشن ڈپو اور لاجسٹک بیسز سمیت چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا: ڈی جی آئی ایس پی آر
واشنگٹن(آئی این پی‘آن لائن)معروف امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے بھی آپریشن غضب للحق میں پاکستان کی بڑی کامیابی کی تصدیق کر دی۔امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے دوران پاکستان نے افغانستان کے اہم ترین بگرام ایئربیس کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے حملے میں بگرام ایئربیس کا ایک ائیرکرافٹ ہینگر اور دو ویئر ہائوسز تباہ ہوئے جبکہ اس حوالے سے سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں، افغانستان کی وزارت دفاع نے بھی پاکستانی فضائی حملے کی تصدیق کر دی۔رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان میں فوجی اہداف پر 50 سے زائد فضائی حملے کئے، افغانستان میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کے شواہد اقوام متحدہ کی رپورٹس میں متعدد بار پیش کئے جا چکے ہیں۔دفاعی ماہرین کے مطابق بگرام ایئربیس پر پاکستان کی کامیاب کارروائی نے افغان طالبان رجیم کو بھاری نقصان پہنچایا ہے، بگرام ایئربیس کو نشانہ بنا کر پاکستان نے افغان طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا کہ وہ افغانستان میں کہیں بھی کارروائی کر سکتا ہے۔دفاعی ماہرین نے کہا کہ پاکستان کے بارہا تنبیہ کے باوجود افغانستان سے مسلسل دہشت گردی جاری ہے جس میں امریکی چھوڑا گیا اسلحہ بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق کی تفصیلات جاری کردیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے 481 کارندے ہلاک جبکہ 696 سے زائد زخمی ہوئے۔پاک افواج نے افغان طالبان رجیم کی 226 چیک پوسٹس تباہ کیں اور  35 کو قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ افغان طالبان رجیم کے 198 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ کر دی گئی ہیں۔عطا اللہ تارڑ کے مطابق افغانستان میں 56 مقامات کو فضائی کارروائی میں موثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔دریں اثناء افغانستان میں سول آبادی کو نشانہ بنانے کا گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے افغان طالبان رجیم کے جھوٹے دعوں کی بنیاد پراقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان(یواین اے ایم اے)نے حقائق کے برعکس رپورٹ جاری کردی ہے ۔اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان کی  رپورٹ کو بنیاد بنا کر افغان اور بھارتی میڈیا کا بے بنیاد پروپیگنڈا جاری ہے۔ پاک فوج نے افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی بلااشتعال جارحیت کے ردعمل  کے طور پرصرف عسکری تنصیات کو نشانہ بنایاآپریشن غضب للحق کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر بھی اپنی پریس بریفنگ میں واضح کرچکے ہیں کہ پاک فوج نے مستند انٹیلی جنس کی بنیاد پر ملٹری اور دہشتگرد اہداف کو نشانہ بنایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے  پاک فوج نے افغان طالبان کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر، بٹالین ہیڈکوارٹر، ایمونیشن ڈپو اور لاجسٹک بیسز سمیت چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا،افواج پاکستان نے پیشہ وارانہ انداز میں دشمن کے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا ۔