ملک میں غریبوں کی بے دخلی اور امیروں کو فائدہ پہنچانے کا سلسلہ جاری، پی ٹی آئی

ملک میں غریبوں کی بے دخلی اور امیروں کو فائدہ پہنچانے کا سلسلہ جاری، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک میں غریب عوام کو بے گھر جبکہ امیر طبقے کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور شعیب شاہین نے سید پور ویلج کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علاقے کا جائزہ لینے کے بعد افسوسناک صورتحال سامنے آئی ہے اور صدیوں سے آباد مقامی آبادی کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق غریب آبادی کو بے دخل کرکے زمین کسی اور کو دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں غریبوں کو ہٹانے اور امیر طبقے کو مزید فائدہ پہنچانے کی پالیسی چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ اور چولستان کے متاثرین کے ساتھ بھی اظہارِ یکجہتی کر چکے ہیں اور سید پور ویلج کے مکینوں کے ساتھ بھی کھڑے ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے الزام عائد کیا کہ متاثرین کو نہ متبادل رہائش دی جا رہی ہے اور نہ ہی کسی قسم کا معاوضہ فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ اس معاملے پر قانونی جنگ لڑنے کا اعلان بھی کیا۔شعیب شاہین نے کہا کہ سید پور ایک ماڈل ویلج ہے اور اسے ختم نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر کسی کو بے دخل کیا جاتا ہے تو پہلے اسے مناسب معاوضہ اور متبادل جگہ دینا ضروری ہے، جیسا کہ کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے قواعد میں درج ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کالونی اور ملپور سمیت مختلف علاقوں میں آبادیوں کو مسمار کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک ہی شہر میں الگ الگ قوانین نہیں ہونے چاہییں۔شعیب شاہین کے مطابق اگر اشرافیہ کو بسانے کے لیے مقامی آبادی کو ہٹایا جا رہا ہے تو یہ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مقامی لوگوں کی آواز بنے گی اور اس معاملے کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی اٹھایا جائے گا۔اس موقع پر متاثرہ شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 ہزار 200 کنال زمین کے بقایاجات اب بھی موجود ہیں اور ماضی میں انہیں ماڈل ویلج بنانے کے وعدے کیے جاتے رہے، تاہم آج تک ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ متاثرین کے مطابق اب تک کسی متعلقہ ادارے نے علاقے کو گرانے کی باقاعدہ اجازت بھی جاری نہیں کی۔