غریبوں کو چالان کے بجائے وارننگ دیں، میرٹ پر عمل کریں: علی امین گنڈاپور

غریبوں کو چالان کے بجائے وارننگ دیں، میرٹ پر عمل کریں: علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار کسی بھی قسم کی ناجائز سفارش کو ہرگز نہ مانیں، میں نے آج تک کسی کے لیے سفارش نہیں کی، پولیس میرٹ کو دیکھے اور کسی قسم کا سیاسی یا ذاتی دباؤ قبول نہ کرے۔

پشاور میں پولیس کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنی کارکردگی کا حساب دینا ہے، غریب طبقے کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں، انہیں فوری چالان کرنے کے بجائے وارننگ دی جائے، جبکہ بڑے اور بااثر افراد کو قانون کی مکمل پاسداری کرائی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کی ایک طویل اور قابل فخر تاریخ ہے، ہم ان قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس بجٹ 124 ارب سے بڑھا کر 158 ارب روپے کر دیا گیا ہے تاکہ فورس کو جدید سہولیات دی جا سکیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو پلاٹ دیے جائیں گے، اور رواں سال پولیس کو بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر ضروری حفاظتی سامان فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے چار اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے، جس سے قانون نافذ کرنے میں بہتری آئے گی۔وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ طاقتور اور بڑی گاڑی والوں کو کسی قسم کی رعایت نہ دیں اور ان پر واضح کریں کہ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے تحفظ، سہولیات اور شہداء کے ورثا کی فلاح کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی اور سرکاری خزانہ ان کے لیے حاضر ہے۔