تھائی لینڈ کے مغربی علاقے میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے کھدائی کے دوران تقریباً دو ہزار سال قدیم دو سونے کی انگوٹھیاں انسانی ڈھانچوں کے ساتھ دریافت کی ہیں۔
صوبہ فیتچابوری کے ڈون یائی تھونگ آثارِ قدیمہ کے مقام سے ملنے والی ایک انگوٹھی پر قدیم بھارتی رسم الخط براہمی میں تحریر کندہ ہے، جسے ماہرین نے "پُسارکھیتاسا" پڑھا ہے، جبکہ دوسری انگوٹھی سادہ سونے کی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ زیورات ممکنہ طور پر کسی قدیم تاجر سے تعلق رکھتے تھے۔رواں سال دریافت ہونے والے اس مقام سے اب تک آٹھ انسانی ڈھانچے، کانسی اور سونے کے زیورات، مٹی کے برتن اور دیگر نوادرات بھی برآمد ہو چکے ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں معاشرے کے اعلیٰ طبقے کے افراد کی تدفین کی جاتی تھی۔محکمہ فنونِ لطیفہ کے مطابق کھدائی آئندہ ایک ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد دریافت ہونے والی نوادرات کو عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔