مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے روزمرہ خوراک کا حصول مزید مشکل بنا دیا ہے۔
گوشت کی قیمتیں پہلے ہی عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہیں، اب دالوں کی قیمتوں میں اضافے نے بھی کم آمدنی والے گھرانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں دالیں سرکاری نرخوں کے مقابلے میں 100 سے 140 روپے فی کلو تک مہنگی فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق دال چنا کی سرکاری قیمت 235 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم دکاندار اسے 300 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح دال ماش دھلی کا سرکاری نرخ 450 روپے فی کلو ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں صارفین کو یہ 550 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔دالوں کی قیمتوں میں اضافے نے بالخصوص ان گھرانوں کو متاثر کیا ہے جو گوشت مہنگا ہونے کے باعث پروٹین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے دالوں پر انحصار کرتے ہیں۔
کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے دالیں نسبتاً سستی غذا کا متبادل سمجھی جاتی ہیں، تاہم ان کی قیمتیں بڑھنے سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہو رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف گوشت خریدنا مشکل ہوچکا ہے اور دوسری جانب دالیں بھی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں۔ ایسے حالات میں غریب اور متوسط طبقہ اپنی روزمرہ خوراک میں پروٹین کی ضروریات کیسے پوری کرے؟ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام شہریوں کے لیے بنیادی غذائی اشیا کی خریداری بھی ایک بڑا مسئلہ بنا دی ہے۔