ابھیشیک بچن نے راہول ڈریوڈ کو یورپی ٹی 20 لیگ میں شامل کرنے کی اہم وجہ واضح کر دی

ابھیشیک بچن نے راہول ڈریوڈ کو یورپی ٹی 20 لیگ میں شامل کرنے کی اہم وجہ واضح کر دی

یورپی ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ 2026 سے قبل ہی بڑی خبر سامنے آئی ہے۔

لیگ کے آغاز سے پہلے ہی بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کو ڈبلن فرنچائز کا مالک مقرر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے یورپی ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ کے شریک مالک ابھیشیک بچن نے کہا ہے کہ انہوں نے راہول ڈریوڈ کو اس منصب کے لیے منتخب کیا ہے کیونکہ ان کی ساکھ، وژن اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے جذبے کی وجہ سے وہ اس عہدے کے اہل ہیں۔ابھیشیک بچن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ ہمیشہ ایسی شخصیت کی تلاش میں تھے جو کرکٹ کے میدان میں اپنی پہچان رکھتی ہو اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے راستے ہموار کرے۔ انہوں نے کہا کہ راہول جیسا کھلاڑی میرے لیے بہت اہم ہے کیونکہ وہ اپنی ساکھ اور وژن سے مشہور ہیں اور میدان میں بھی اپنی بات منوا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ لیگ کا مقصد صرف شہرت حاصل کرنا نہیں بلکہ یورپ میں کرکٹ کا مضبوط نظام قائم کرنا، نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا اور مقامی سطح پر کھیل کو فروغ دینا ہے۔اس لیگ میں سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون بھی ڈبلن ٹیم کے کپتان اور سرپرست کے طور پر شامل ہوں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، ایشون نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد یورپ میں کھیلنے کا موقع حاصل کیا ہے۔

 یہ لیگ کرکٹ آئرلینڈ، کرکٹ اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے شروع کی جا رہی ہے۔اس مقابلے میں ڈبلن، بیلفاسٹ، ایڈنبرا، گلاسگو، روٹرڈیم اور ایمسٹرڈیم کی 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ لیگ کا آغاز 26 اگست سے ہوگا اور 20 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا بنیادی مقصد یورپ میں کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر کھیل کو مضبوط بنانا اور نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنا ہے۔راہول ڈریوڈ نے بھی اس منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یورپ میں کرکٹ کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کے لیے راستے بنانے کا بہت شوق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلن میں کرکٹ کا شوق پہلے سے موجود ہے اور اس میں مزید ترقی کی بہت گنجائش ہے۔ اس لیگ میں دنیا کے معروف کھلاڑیوں جیسے اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، فاف ڈوپلیسی، ہینرک کلاسن، لیام لیونگ اسٹون اور ٹم ڈیوڈ بھی شامل ہوں گے، جو اس مقابلے کو مزید پرکشش بنائیں گے۔