مری گلاس ٹرین منصوبے کے افسران کیلئے مارکیٹ بیسڈ تنخواہوں اور خصوصی الاؤنسز کی منظوری، محکمہ خزانہ کے اعتراضات
مری گلاس ٹرین منصوبے کے تحت تعینات افسران کیلئے بھاری تنخواہوں اور خصوصی الاؤنسز کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد اس منصوبے سے منسلک اعلیٰ افسران کو لاکھوں روپے ماہانہ پیکجز ملیں گے۔دستاویزات کے مطابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کیلئے 22 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ چیف انجینئر کیلئے 12 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ منظور ہوئی ہے۔ اسی طرح ڈائریکٹرز کیلئے 10 لاکھ روپے، ڈپٹی ڈائریکٹر کیلئے 7 لاکھ روپے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیلئے 4 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ طے کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کیلئے اضافی خصوصی الاؤنسز کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
سفارشات کے مطابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کو 7 لاکھ روپے، چیف انجینئر کو 5 لاکھ روپے جبکہ ڈائریکٹرز کو ساڑھے 3 لاکھ روپے ماہانہ اضافی الاؤنس دینے کی تجویز شامل ہے۔تاہم دوسری جانب محکمہ خزانہ نے ان پراجیکٹ الاؤنسز پر اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق 2018 میں پراجیکٹ الاؤنسز ختم کیے جا چکے تھے، جبکہ حکومت نے 2019 میں انسینٹو الاؤنس پالیسی متعارف کروائی تھی، جس کے بعد موجودہ سفارشات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔