روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بیجنگ میں ملاقات کے بعد ایک انوکھا منظر سامنے آیا، جس نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملاقات کے اختتام پر کم جونگ ان کے معاونین فوری طور پر اس کرسی کی صفائی کرنے پہنچے، جس پر ان کے رہنما بیٹھے تھے۔ ان کے عملے نے نہ صرف کرسی بلکہ اردگرد موجود ہر وہ چیز صاف کی جسے کم جونگ ان نے چھوا تھا۔روسی صحافی الیگزینڈر یوناشیف نے اپنے یوٹیوب چینل یوناشیو لائیو پر بتایا کہ عملے نے کم جونگ ان کے ڈی این اے کے تمام نشانات مٹانے کے لیے خصوصی احتیاط برتی۔ یہاں تک کہ وہ گلاس جس میں کم جونگ ان نے پانی پیا تھا، اسے بھی عملہ اپنے ساتھ لے گیا۔
صحافی کے مطابق یہ غیر معمولی صفائی کا عمل کم جونگ ان کی سیکیورٹی پروٹوکول کا حصہ ہے، تاکہ ان کے جسمانی نشانات یا ڈیٹا کسی اور کے ہاتھ نہ لگ سکے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سخت احتیاط کے باوجود ملاقات کا ماحول خوشگوار رہا۔ پیوٹن اور کم جونگ ان نے ایک ساتھ بیٹھ کر چائے پی اور بات چیت کے دوران مطمئن اور دوستانہ نظر آئے۔