اسلام آباد ہائی کورٹ نے خصوصی عدالتوں، ٹریبیونلز اور لاء افسران کے جوڈیشل الاؤنسز کی ادائیگی روکنے کے احکامات معطل کرتے ہوئے وفاق، وزارت خزانہ، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے ملازمین کی درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے 5 اور 15 ستمبر 2025ء کے آرڈرز کے خطوط معطل کر دیے اور کہا کہ الاؤنسز روکنے کے متعلق اکاؤنٹنٹ جنرل آفس اور وزارت خزانہ کے احکامات اب مؤثر نہیں رہیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامہ میں کہا کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق وزارت خزانہ اور اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے ملازمین کے الاؤنسز روک دیے تھے، جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے ملتان اور بہاولپور بینچز نے ایسے احکامات پہلے ہی معطل کر رکھے ہیں۔عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتوں میں پیراوائز کمنٹس جمع کرائیں۔