نوشہرہ کے علاقے میاں عیسیٰ میں دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے واقعے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ زمین کے تنازع کے باعث پیش آیا۔پولیس کے مطابق میاں عیسیٰ اور جلبئی کے رہائشی گروپوں کے درمیان اراضی اور درختوں کی کٹائی کے تنازع پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اکوڑہ خٹک اور چھوٹا لاہور سے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈی ایس پی اکوڑہ کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تین اجرتی قاتلوں نے میاں عیسیٰ میں فائرنگ کر کے 4 افراد کو قتل کیا۔ بعد ازاں گاؤں کے افراد نے مبینہ طور پر حملہ آوروں کا پیچھا کیا، جس کے دوران مزید جھڑپ ہوئی اور 3 اجرتی قاتل ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔