بھارت: بار کے باہر جھگڑا خونریز تصادم میں بدل گیا، 18 سالہ لڑکی ہلاک

بھارت: بار کے باہر جھگڑا خونریز تصادم میں بدل گیا، 18 سالہ لڑکی ہلاک

بھارتی شہر چنئی میں ایک نجی بار کے باہر دو گروپوں کے درمیان جھگڑا خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی یانسی ہلاک جبکہ اس کی 17 سالہ دوست شدید زخمی ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت شروع ہوا جب بار کے اندر دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جسے سیکیورٹی عملے نے وقتی طور پر ختم کروا دیا۔ تاہم باہر نکلنے کے بعد بھی کشیدگی برقرار رہی۔بعد ازاں یانسی اور اس کی دوست موٹر سائیکل پر جا رہی تھیں کہ راستے میں مخالف گروپ کی کار سے ان کا سامنا ہو گیا۔ الزام ہے کہ موٹر سائیکل سواروں نے کار پر پتھراؤ کیا جس کے بعد مشتعل افراد نے کار سے تعاقب کرتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔

حادثے کے نتیجے میں یانسی موقع پر ہی ہلاک ہو گئی جبکہ اس کی کم عمر دوست کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے واقعے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ حکام نے کم عمر افراد کو داخلے کی اجازت دینے پر متعلقہ بار کو سیل کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔