کراچی کے علاقے لانڈھی اولڈ مظفر آباد کالونی میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور سالے کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ترجمان ایدھی کے مطابق واقعہ لانڈھی اولڈ مظفر آباد کے قریب پیش آیا، جہاں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور خاتون کا بھائی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا۔قائد آباد پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ناصر احمد ولد مقبول احمد کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مبینہ طور پر اپنے سسرال پہنچ کر بیوی اسماء زوجہ ناصر احمد اور سالے محمد احسن ولد محمد عارف پر فائرنگ کردی۔ دونوں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے، جبکہ ملزم نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار لی، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ اسماء نے اپنے شوہر سے خلع لینے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا، جبکہ دونوں کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے علیحدگی بھی چل رہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑے کی شادی تقریباً 15 سال قبل ہوئی تھی اور خاتون اپنے شوہر سے علیحدگی کے بعد مظفر آباد کالونی میں اپنے والدین کے گھر رہائش پذیر تھی۔ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم ناصر احمد شاہ لطیف ٹاؤن میں رہائش پذیر تھا اور واقعے کی صبح اپنے سسرال پہنچا، جہاں اس نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی اور سالے کو قتل کردیا اور بعد ازاں خودکشی کرلی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک پستول بھی برآمد کرلیا ہے، جبکہ تینوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ فائرنگ کے محرکات اور حالات کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جاسکیں۔