لاہور: بھانجے نے دوستوں کے ساتھ مل کر ماموں کے گھر ڈکیتی کر ڈالی

لاہور: بھانجے نے دوستوں کے ساتھ مل کر ماموں کے گھر ڈکیتی کر ڈالی

لاہور کے علاقے شالیمار میں ایک افسوسناک اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس کے مطابق ایک بھانجے نے اپنے ہی دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے ماموں کے گھر ڈکیتی کی واردات کی۔

پولیس کے مطابق مرکزی ملزم نے واردات کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی اور ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا۔ ملزمان گھر سے زیورات اور نقدی لوٹ کر موقع سے فرار ہوگئے۔واردات کے بعد ڈاکوؤں کی فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں ان کے فرار ہونے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ تاہم پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔پولیس کے مطابق ملزمان کو گلبرگ کے علاقے سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد میں زرگم، حیدر اور عمار شامل ہیں۔

تفتیش کے دوران مرکزی ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لوٹا گیا سونا، نقدی رقم، ایک پستول اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں یا نہیں۔