ملیر کینٹ پولیس نے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں دو بھانجیوں اور بھانجے کی اہلیہ کو قتل اور ایک بھانجی اور پڑوسی خاتون کو زخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ ماموں کے خلاف درج کر لیا ہے۔
گلستان جوہر بلاک 9، گلی نمبر 30 میں پیش آیا، جہاں ماموں اجے نے صبح ناشتے کے دوران 23 سالہ عاشی اور 22 سالہ تانیا، اور 32 سالہ مینا کو گلے پر چھری کے وار کرکے قتل کیا۔ اس دوران ایک بھانجی نندنی اور پڑوسی خاتون پریا بھی زخمی ہو گئیں۔ واقعے کے بعد ملزم نے خود کو بھی چھری کے وار کر کے زخمی کر لیا۔مقدمے کے مطابق قتل کی گئی خواتین کے بھائی اور مقتولہ مینا کے شوہر نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی۔ مدعی کے بیان کے مطابق وہ صبح ساڑھے 6 بجے کام کے لیے گھر سے روانہ ہوئے تھے اور بعد میں اطلاع ملی کہ گھر میں خون کی ہولناک صورتحال ہے۔
زخمی خواتین کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔مدعی کا کہنا ہے کہ ماموں اجے نے اچانک چھری اٹھا کر ان کے اہل خانہ پر حملہ کیا اور شور کے دوران پڑوسن پریا کو بھی زخمی کر دیا۔ مدعی نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔