ماڈل ٹا ئون پولیس کی کارروائی، مبینہ منشیات فروش گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر) ماڈل ٹا ئون پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سنٹرل پبلک پارک کے قریب سے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت ابوذر کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی کے مطابق ملزم علاقہ غیر سے منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا اور ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ آن لائن آرڈر پر مطلوبہ لوکیشنز تک منشیات پہنچانے آیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 4 کلو افیون اور 5 کلو چرس بر آمد کی۔ حکام کے مطابق ملزم نے منشیات توڑے میں چھپا رکھی تھی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ سکے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ اس کے نیٹ ورک اور دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔ ایس پی ماڈل ٹا ئون نے کہا ہے کہ شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔