لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈا ئون کرتے ہوئے چار کارروائیوں میں چار ملزمان کو گرفتار کر کے 1 کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 36 کلوگرام منشیات بر آمد کر لی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق رنگ روڈ پشاور میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس بر آمد کی گئی جبکہ کامرہ روڈ اٹک میں انسٹیوٹ کے قریب ایک اور ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس بر آمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کر رہے تھے۔شکار پور روڑ، سکھر، سبزی منڈی کے قریب بس میں سوار دو مسافروں کے قبضے سے 24 کلوگرام چرس اور 7 کلوگرام آئس بر آمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکیم آباد نوشہرہ کے قریب ایک گاڑی سے 3 کلو وزنی 4000 ایکسٹیسی گولیاں بر آمد کی گئیں۔تمام کارروائیوں کے حوالے سے انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔