بیوٹیشن بن کر گھروں میں وارداتیں کرنیوالے ملزموں سے موبائل فون اور نقدی برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے چور و نقب زن گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں جنید عرف ٹیپو، ثانیہ اور نائلہ شامل ہیں۔ملزمان بیوٹیشن کے بہانے گھروں میں داخل ہو کر شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی رقم لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں بچوں کو استعمال کرتے ہوئے وارداتیں کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی رقم برآمد کر لی ہے۔ ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔