مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف سے 56 کلو سے زائد منشیات برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کرتے ہوئے 9 کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں مجموعی طور پر 67 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 56.70 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کراچی میں ایک ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس، سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 300 ایکسٹیسی گولیاں جبکہ گجرات کے قریب ٹرک سے 1.070 کلوگرام آئس اور 280 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ اٹک ریلوے اسٹیشن کے قریب 80 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہونے پر ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ جناح ایئرپورٹ کراچی پر بحرین جانے والے مسافر کے جوتوں سے 330 گرام آئس برآمد ہوئی۔ مزید کارروائیوں میں کراچی کے کوریئر دفاتر سے پارسلز میں چھپائی گئی تقریباً 2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ کہوٹہ روڈ اسلام آباد سے 38.4 کلوگرام چرس جبکہ پشاور کے قریب 12 کلوگرام افیون بھی برآمد کر کے مزید ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔