میرپورخاص میں معرکۂ حق کی کامیابی پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

میرپورخاص میں معرکۂ حق کی کامیابی پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

میرپورخاص میں “معرکۂ حق” کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر شاندار اور رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ٹاؤن چیئرمین سید شازل علی شاہ، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی میرپورخاص سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔جشن کے دوران شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے پورا آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا اور ماحول جوش و خروش سے بھر گیا۔تقریب میں ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے جہاں معروف گلوکاروں صنم ماروی، تاج مستانی، طفیل سنجرانی، زبیر رحمان، اصغر کھوسو اور علی گل ملاح نے اپنی فنکارانہ پرفارمنسز پیش کیں اور شرکاء سے خوب داد وصول کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آر ایس ایس سوچ خطے میں جنگی جنون کو ہوا دیتی رہی، تاہم پاک افواج اور قوم نے متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔

انہوں نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایئرفورس نے دشمن کے 6 طیارے مار گرائے اور اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔مزید کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری  نے عالمی سطح پر بھارتی جارحیت اور دہشتگردی کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا اور پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے، جبکہ میرپورخاص کے شہریوں نے بھی وطن کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔