شہر میں آج صبح سورج کی نرم کرنوں، ہلکے بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ خوشگوار موسم کا آغاز ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوائیں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ آئندہ چند روز تک مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً معتدل رہ سکتا ہے۔دوسری جانب مانسہرہ، سوات اور ملاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جبکہ مظفرآباد، نکیال اور وادی نیلم میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ مرناٹ کے مقام پر بند ہوگئی، جبکہ نالہ جاگراں میں طغیانی آنے سے کنڈل شاہی پاور ہاؤس بند اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔اسی طرح لوئر کوہستان کے علاقے جیجال کے قریب شاہراہ قراقرم بھی بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔