لاہور:پنجاب اسمبلی نے پاکستان کی مسلح افواج کی مئی 2025 میں حاصل کی گئی عظیم عسکری کامیابی پر ایک اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔
یہ قرارداد ممبرانِ صوبائی اسمبلی سارہ احمد اور مہوش سلطانہ کی جانب سے پیش کی گئی۔
قرارداد کے اہم نکات:
قرارداد میں ہر سال 10 مئی کو "یومِ فتحِ پاکستان" کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل کو پاکستان کی عسکری صلاحیت، حکمت عملی، اور قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔قرارداد میں پاکستان کی مسلح افواج کو دلی مبارکباد پیش کی گئی اور کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کی کوشش کو پاکستان نے حکمت، تحمل اور اعلی عسکری مہارت کے ذریعے ناکام بنایا۔پاکستان نے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنا کر اخلاقی برتری کا مظاہرہ کیا، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔
بھارتی عسکری ناکامی اور علاقائی اثرات:
قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی عسکری ساز و سامان جیسے رافیل طیارے، براہموس میزائل اور S-400 دفاعی نظام بھی پاکستان کے سامنے مؤثر ثابت نہ ہو سکے۔
پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کرکے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔اس تاریخی کامیابی نے پاکستان اور چین کے درمیان عسکری اتحاد کو خطے میں ایک نئی حقیقت کے طور پر ابھارا ہے۔
آپریشن "بنیانِ مرصوص" کے ہیروز کو خراجِ تحسین:
ایوان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ، بحریہ اور آپریشن "بنیانِ مرصوص" میں شریک تمام افسران و جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔قرارداد کے اختتام پر ان تمام شہداء اور معصوم بچوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔