معرکہ حق "آپریشن بنیان مرصوص" کی فتح پر پاک افواج کا ملی نغمہ جاری، راحت فتح علی خان کی آواز میں خراجِ تحسین

معرکہ حق

معرکۂ حق "آپریشن بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی اور اختتام پر پاک افواج کی جانب سے ایک ولولہ انگیز ملی نغمہ جاری کیا گیا ہے جسے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی پُرجوش آواز میں پیش کیا ہے۔

 نغمہ "حفاظت تیری ہم کریں گے، وطن تیری زمین کی قسم، تیرے آسمان کی قسم" کے الفاظ کے ساتھ وطن سے غیر متزلزل محبت اور وفاداری کا پیغام دیتا ہے۔آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کیے گئے اس نغمے میں نہ صرف دشمنوں کو خبردار کیا گیا ہے بلکہ پاکستان کے دفاع کے لیے قوم کے جذبے کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ نغمے کے بول "پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ" ریاستِ طیبہ کے نظریے کو اجاگر کرتے ہیں اور ملک کے ہر فرد کے دل کی ترجمانی کرتے ہیں۔یہ نغمہ ملک کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت اور موجودہ محافظین کو سلام پیش کرتا ہے۔

 نغمے کی موسیقی اور بول ایک طرف قوم کے جذبات کو گرما رہے ہیں تو دوسری جانب دشمن پر لرزہ طاری کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔نغمے میں وطن کی حفاظت کو ایمان کا حصہ قرار دیا گیا ہے اور یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاک سرزمین ہمیشہ اللّٰہ کی امان میں رہے گی۔ اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ قوم ہر چیلنج کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔یہ ملی نغمہ ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔