بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب، قوم نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا

بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب، قوم نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا

بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بھرپور کارروائی، لاہور میں عوام کا اظہارِ یکجہتی، ’’پاکستان کا مطلب کیا، لاالہ الااللہ‘‘ کے نعروں سے فضا گونج اُٹھی

لاہور: بھارت کے ناپاک جنگی عزائم کے خلاف پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی بروقت اور دلیرانہ جوابی کارروائی نے جہاں دشمن کو پسپا کیا، وہیں ملک بھر میں عوام کے حوصلے بلند کر دیے۔ لاہور کی سڑکیں اور بازار ’’پاکستان کا مطلب کیا، لاالہ الااللہ‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھے۔مال روڈ پر تاجر برادری نے پاک فوج کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ تاجروں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا کر فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ’’پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔‘‘تاجروں کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی بزدلانہ حملوں کے باوجود پاک فوج نے جس جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری دنیا کے لیے مثال ہے۔ ’’ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر محاذ پر اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔‘‘

لاہوری شہریوں نے ریلیوں، جلوسوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی پاک فوج کے اقدام کی بھرپور حمایت کی اور وطن عزیز کے دفاع پر اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ’’پاک فوج کی قربانیاں اور بہادری وطن کی عظمت کی علامت ہے، دشمن کے ہر وار کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔‘‘عوام نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ بھارت کی جارحیت کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے اور دنیا کو بتایا جائے کہ پاکستان پر مسلط کی گئی جنگ کے نتائج خطے بھر کو متاثر کر سکتے ہیں۔