وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دی اور پاکستانی شاہینوں نے بھارت کے 7 طیارے مار کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
اسلام آباد میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو ثابت کیا۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیغام محبت، بردباری اور خدمت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں یہ اصول پہلے سے زیادہ ضروری ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتی شہریوں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور آئین کے مطابق مذہبی آزادی کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک جاری ہے، اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مذہب کے نام پر نفرت پھیلا رہے ہیں۔