خواتین کوٹہ کی 20ہزار خالی اسامیوں پر بھرتی کی سفارش

 وزارتوں کی 7 لاکھ 14ہزار 884 اسامیاں ، خواتین ملازمین کی شرح 6.86 فیصد
وفاقی حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمتوں میں خواتین کیلئے10 فیصد کوٹہ مختص ہے 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی جینڈر مین سٹریمنگ نے وفاقی وزارتوں و ماتحت محکموں کو خواتین کوٹہ کی 1 تا 22 گریڈ کی 20ہزار خالی اسامیوں پر بھرتی کی سفارش کر دی ، وفاقی وزارتوں و ماتحت محکموں میں 1 تا 22 گریڈ کی منظور شدہ اسامیوں کی تعداد 7 لاکھ 14ہزار 884 ہے اور 49ہزار 9 خواتین ملازم ہیں۔مجموعی اسامیوں کے مطابق خواتین ملازمین کی شرح 6.86 ہے اور خواتین کا سرکاری ملازمت میں تین فیصد سے زیادہ کاکوٹہ خالی ہے، وفاقی حکومت کے ملازمت میں خواتین کے لیے 10 فیصد کوٹہ مختص ہے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارتوں ا و رماتحت محکموں میں 1 تا 22 گریڈ کی خواتین ملازمین کی تعداد 30 ہزار 190 ہے، گریڈ 17 تا 22 میں خواتین ملازمین کی تعداد 6 ہزار 715 اور 1 تا 16 گریڈ کی خواتین ملازمین کی تعداد 23 ہزار 475 ہے، وفاقی سیکرٹریٹ میں خواتین ملازمین کی تعداد 1076ہے جس میں 1 تا 16 گریڈ کی خواتین ملازمین کی تعداد 595 ہے، گریڈ 17 تا 22 کی خواتین ملازمین کی تعداد 391 ہے جس میں گریڈ 17 میں 108، گریڈ 18 میں 185،گریڈ 19 میں 50،گریڈ 20 میں 31، گریڈ 21 میں 13 اورگریڈ 22 میں 4 خواتین ملازمین ہیں، وفاقی وزارتوں کے ماتحت محکموں میں خواتین ملازمین کی تعداد 22 ہزار 18 ہے۔