گریڈ 1 سے 15 تک براہِ راست بھرتیاں ہونگی،عمرکی حد18سے25سال مقرر
گریڈ 15کیلئے شماریات، معاشیات یا ریاضی میں سیکنڈ کلاس گریجویشن لازمی قرار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے وزارت صحت کے محکمے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس (DHO) کی 1 تا 15 گریڈ کی اسامیوں پر بھرتی کے نئے اور ترمیم شدہ قوانین کی منظوری دے دی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے 2018 کے اسامیوں پر بھرتی کے قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے مقامی رہائشیوں کا ہیلتھ ملازمین کی مخصوص اسامیوں کے لیے سو فیصد بھرتی کا کوٹہ ختم کردیا ہے اور تعلیمی قابلیت میں بھی ترمیم کر دی ہے، وزارت قومی صحت کے اعتراضات کے باوجود اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے اسامیوں کے لیے مقامی رہائشیوں کے کوٹہ، تعلیمی قابلیت اور عمر کی حد میں ترمیم کر دی ہے، وزارت قومی صحت کے مطابق اسامیوں پر مقامی رہائشیوں کے کوٹہ کا معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں زیر سماعت ہے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کا اسامیوں کی بھرتی کے لیے منظور کردہ قواعد کے تحت گریڈ 1 سے 15 تک کی اسامیوں پر براہِ راست بھرتیاں کی جائیں گی۔ تاہم موزوں امیدوار دستیاب نہ ہونے کے باعث تبادلے کے ذریعے بھی تقرری کی جا سکے گی، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے اسامیوں کی تقرری کے لیے منظور کردہ قواعد کیمطابق، اسٹیٹسٹیکل اسسٹنٹ (گریڈ 15) کے لیے شماریات، معاشیات یا ریاضی میں سیکنڈ کلاس گریجویشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیٹا انٹری آپریٹر اور ڈیٹا منیجر (گریڈ 14) کے لیے شماریات یا کمپیوٹر سائنس کے ساتھ انٹرمیڈیٹ اور 10 ہزار کی-ڈپریشن فی گھنٹہ کی ٹائپنگ رفتار ہونا ضروری ہے۔ ٹرانسپورٹ سپروائزر (گریڈ 11) کی اسامی کے لیے بی ٹیک ( آٹوموبائل یا مکینیکل) یا تین سالہ تجربے کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کی شرط رکھی گئی ہے۔ لیڈی ہیلتھ سپروائزر (گریڈ 7) کے لیے صرف خواتین امیدوار اہل ہوں گی جن کے پاس ایف ایس سی (پری میڈیکل) یا پانچ سالہ تجربے کے ساتھ لیڈی ہیلتھ ورکر کی تربیت ہو،دیگر اسامیوں میں فوگ مشین آپریٹر (گریڈ 5) کے لیے میٹرک اور دو سالہ تجربہ، جبکہ آیا اور سینیٹری پٹرول (گریڈ 1) کے لیے پرائمری پاس ہونا اور ایک سال کا متعلقہ تجربہ ہونا لازمی ہے۔ تمام اسامیوں کے لیے عمر کی حد 18 سے 25 سال مقرر کی گئی ہے، تاہم سرکاری قوانین کے مطابق عمر کی بالائی حد میں رعایت دی جائے گی۔